زبُور 99
OUCV1 یَاہوِہ سلطنت کرتے ہیں، قومیں کانپنے لگیں؛ وہ کروبیم کے درمیان تخت نشین ہیں، زمین لرز جائے۔ 2 یَاہوِہ صِیّونؔ میں عظیم ہیں؛ اَور وہ سَب قوموں پر بُلند و بالا ہیں۔ 3 تمام لوگ آپ کے عظیم و مُہیب نام کی سِتائش کریں۔ وہ قُدُّوس ہیں۔ 4 بادشاہ جبّار ہے، اُسے عدل عزیز ہے، آپ نے اِنصاف قائِم کیا ہے؛ آپ نے یعقوب میں وُہی کیا جو اِنصاف اَور راستی ہے۔ 5 تُم یَاہوِہ، ہمارے خُدا کی تمجید کرو، اَور خُدا کے پاؤں کی چوکی پر سَجدہ کرو؛ وہ قُدُّوس ہیں۔ 6 مَوشہ اَور اَہرونؔ خُدا کے کاہِنوں میں سے تھے، اَور شموایلؔ اُن کا نام لینے والوں میں سے تھے؛ اُنہُوں نے یَاہوِہ کو پُکارا اَور یَاہوِہ نے اُنہیں جَواب دیا۔ 7 خُدا نے بادل کے سُتون میں سے اُن سے کلام کیا؛ اُنہُوں نے خُدا کے قوانین کو اَور اُن آئین کو مانا جو خُدا نے اُن کو دئیے تھے۔ 8 اَے یَاہوِہ، ہمارے خُدا، خُدا نے اُنہیں جَواب دیا؛ آپ اِسرائیل کے لیٔے غفور خُدا رہے، حالانکہ آپ اُن کی بداعمالیوں کی سزا بھی دیا کرتے تھے۔ 9 یَاہوِہ ہمارے خُدا کی تمجید کرو، اَور اُن کے مُقدّس پہاڑ پر خُدا کی عبادت کرو، کیونکہ یَاہوِہ ہمارے خُدا قُدُّوس ہیں۔
