زبُور 6
OUCV1 اَے یَاہوِہ، آپ اَپنے قہر میں مُجھے نہ جھڑکیں، اَور نہ اَپنے غضب میں مُجھے تنبیہ کریں۔ 2 اَے یَاہوِہ، مُجھ پر رحم کریں کیونکہ مَیں پژمردہ ہو چُکا ہُوں؛ اَے یَاہوِہ، مُجھے شفا بخشیں، میری ہڈّیاں شدید تکلیف میں مُبتلا ہیں۔ 3 میری جان بھی نہایت پریشان ہے، اَے یَاہوِہ، آخِر کب تک آپ کی مدد کا منتظر رہُوں؟ 4 اَے یَاہوِہ، توجّہ فرمائیں اَور مُجھے رِہائی بخشیں؛ اَپنی لافانی مَحَبّت کے باعث مُجھے رِہائی بخشیں۔ 5 کیونکہ مرنے کے بعد آپ کو کویٔی یاد نہیں کرتا۔ قبر میں سے کون آپ کی تمجید کر سَکتا ہے؟ 6 میں کراہتے کراہتے تھک گیا؛ رات بھر رو رو کر میں اَپنا بِستر بھگوتا ہُوں اَور اَپنا پلنگ آنسُوؤں سے تربتر کرتا ہُوں۔ 7 میری آنکھیں غم کے مارے پژمردہ ہو رہی ہیں؛ اَور میرے سَب حریفوں کی وجہ سے وہ دھُندلانے لگی ہیں۔ 8 اَے بدکردارو، تُم سَب میرے پاس سے دُورہو جاؤ، کیونکہ یَاہوِہ نے میرے رونے کی آواز سُن لی ہے۔ 9 یَاہوِہ نے میری فریاد سُن لی؛ یَاہوِہ میری دعا قبُول فرماتے ہیں۔ 10 میرے سارے دُشمن شرمندہ اَور دہشت زدہ ہوں گے؛ وہ ناگہاں رُسوا ہوکر لَوٹ جایٔیں گے۔
