Menu

زبُور 54

OUCV

1 اَے خُدا، اَپنے نام کے وسیلہ سے مُجھے بچائیں؛ اَپنی قُدرت سے میرا اِنصاف کریں۔ 2 اَے خُدا، میری دعا سُن لیں؛ میرے مُنہ کی باتوں پر کان لگائیں۔ 3 میرے بیگانے میرے خِلاف اُٹھے ہیں؛ سنگدل لوگ میری جان کے خواہاں ہیں، اَیسے لوگ جو خُدا کا کویٔی لحاظ نہیں کرتے۔ 4 یقیناً خُدا ہی میرے مددگار ہیں؛ خُداوؔند ہی ہیں جو میری جان کو سنبھالتے ہیں۔ 5 جو مُجھ پر تہمت لگاتے ہیں اُن کی بُرائی اُن ہی پر لَوٹا دیں؛ خُدا اَپنی صداقت کے مُطابق اُنہیں تباہ کر دیں۔ 6 مَیں آپ کی خاطِر رضا کی قُربانی چڑھاؤں گا؛ اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کے نام کی سِتائش کروں گا، کیونکہ وہ خُوب ہے۔ 7 کیونکہ اُنہُوں نے مُجھے میری تمام مُصیبتوں سے چھُڑایا ہے، اَور میری آنکھوں نے میرے دُشمنوں کی شِکست دیکھ لی ہے۔

Everything we make is available for free because of a generous community of supporters.

Donate