Menu

زبُور 114

OUCV

1 جَب اِسرائیل، مُلک مِصر میں سے نکل آئے، یعنی یعقوب کا گھرانا اجنبی زبان بولنے والوں میں سے نکلے، 2 تَب یہُوداہؔ خُدا کا پاک مَقدِس ٹھہرا، اَور اِسرائیل اُن کی مملکت۔ 3 سمُندر یہ دیکھ کر بھاگ نِکلا، اَور دریائے یردنؔ پیچھے ہٹ گیا؛ 4 پہاڑ مینڈھوں کی مانند اُچھلے، اَور پہاڑیاں برّوں کی مانند کُودنے لگیں۔ 5 اَے سمُندر، تُمہیں کیا ہُوا جو تُم بھاگے، اَور اَے یردنؔ تُم کیوں پیچھے ہٹے؟ 6 اَے پہاڑو! تُم کیوں مینڈھوں کی مانند اُچھلے اَور اَے پہاڑیو! تُمہیں کیا ہُوا کہ تُم برّوں کی مانند کوُدنے لگیں؟ 7 اَے زمین یَاہوِہ کے سامنے، یعقوب کے خُدا کے سامنے تھرتھرا، 8 جِس نے چٹّان کو جھیل، اَور چقماق کو پانی کا چشمہ بنا دیا۔

Everything we make is available for free because of a generous community of supporters.

Donate